ترک خبر رساں ادارہ اناطولیہ ایجنسی کے انٹرنیشنل نیوز چیف ایڈیٹر فاروق طوکات کا وفد کے ہمراہ ”اے پی پی“ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ، منیجنگ ڈائریکٹر ”اے پی پی “محمد قمر اللہ چوہدری کے ساتھ ملاقات کی

235
APP44-12 ISLAMABAD: March 12 – Managing Director APPC Qamarullah Chaudri and International News Chief Editor of Anadolu Agency Furuk Tokat in a group photo after a meeting at APPC Headquarters. APP photo by Afzaal Chaudhry

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) ترک خبر رساں ادارہ اناطولیہ ایجنسی (اے اے) نے پاکستان اور ترکی کے درمیان معتبر خبروں کے تبادلے کے لئے قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ساتھ تعاون کو تقویت دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انقرہ میں قائم اناطولیہ ایجنسی کے انٹرنیشنل نیوز چیف ایڈیٹر فاروق طوکات نے منگل کو وفد کے ہمراہ ”اے پی پی“ ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی محمد قمر اللہ چوہدری کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے دونوں خبر رساں اداروں میں خبروں کے تبادلے کے موجود معاہدے کے علاوہ ذرائع ابلاغ کے عصری تقاضوں کے مطابق اے پی پی اور اناطولیہ کے درمیان وسیع تر اشتراک کار پر زور دیا۔ انہوں نے اناطولیہ ایجنسی کے امور کار کو اجاگر کیا جو 41 بیوروز، 101 نمائندگان اور 3500 فری لانس صحافیوں پر مشتمل عالمی نیٹ ورک کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اناطولیہ ایجنسی خصوصی سافٹ ویئر کے ذریعے خبروں کی چربہ سازی کے مسئلے سے نمٹ رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اس ضمن میں شکایات کے ازالے کے لئے عدالتوں سے بھی رجوع کر رہی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اور ایڈیٹر انچیف متین متانوگلو نے ”اے پی پی “کو خبروں کے شعبہ میں بہتر تعاون کے لئے انقرہ میں اناطولیہ ایجنسی کے ساتھ اپنا نمائندہ تعینات کرنے کی پیشکش کی۔ منیجنگ ڈائریکٹر ”اے پی پی“ محمد قمر اللہ چوہدری نے ترک وفد کو قومی اور مقامی زبانوں میں قومی خبر رساں ادارے کے امور کار کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چینی اور فارسی زبانوں میں خبروں کا اجراءبھی زیر غور ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر غیر ملکی خبر رساں اداروں کے متعصبانہ مواد پر انحصار کرنے کی بجائے قابل بھروسہ خبروں کے حصول کے لئے دوست ممالک کے خبر رساں اداروں کے مابین تعاون بہت اہم ہے۔ اناطولیہ ایجنسی کے انٹرنیشنل آپریشنز ڈائریکٹر اورال یسل اور مارکیٹنگ و کارپوریٹ کمیونیکیشن کے سربراہ یلماز یمن بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ”اے پی پی“ کی جانب سے ڈائریکٹر اکنامک سروس بلال تھہیم اور انچارج اردو نیوز سروس حنیف صابر بھی ملاقات میں موجود تھے۔