
اسلام آباد ۔ 9 مارچ (اے پی پی) ترکی خطاطی، ثقافت اور ادب کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا، دونوں ممالک اہل علم و فن کے باہمی تبادلہ اور ان کی تربیت کے مواقع میں اضافہ کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ اس امر کا اظہار مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی سے ترک سفیر مصطفی یردکل کی ملاقات میں دونوں شخصیات نے کیا۔ ترک سفیر نے جمعہ کو مشیر وزیراعظم سے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن میں ان سے ملاقات کی اور دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ عرفان صدیقی نے مصطفی یردکل کا پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر خیرمقدم کیا اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ برادر اسلامی ملک ترکی کے ساتھ پاکستان اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے۔