ترک صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ فلسطین موثر انداز میں پیش کیا ، حکومت اور تمام اداروں کی اجتماعی کاوشوں سے معاشی چیلنجز پر قابو پایا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی میڈیا سے گفتگو

205
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif
Prime Minister Muhammad Shahbaz Sharif

نیویارک۔25ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسئلہ فلسطین موثرانداز میں پیش کیا ہے،جس نے پورے ہال میں موجود لوگوں کے دلوں کو چھولیا، ہم نے معاشی چیلنجز کو قبول کیا، اللہ تعالیٰ کے بے پناہ فضل و کرم سے حکومت اور تمام اداروں کی اجتماعی کاوشوں سے معاشی چیلنجز پر قابو پایا ہے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اقوام متحدہ میں ترک صدر نے انتہائی پرجوش خطاب کیا، ترک صدر کے ساتھ ملاقات میں سیر حاصل گفتگو ہوئی، ترک صدر نے فلسطین کا مسئلہ جس طرح بیان کیا، اس نے پورے ہال میں موجود لوگوں کے دلوں کو چھوا ہے۔

وزیراعظم نے ترک صدر کو ان کے خطاب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات ہیں، ترک صدر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر گفتگو ہوئی ہے،ترک صدر بہت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ کل آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس ہے، آئی ایم ایف کی شرائط سخت تھیں لیکن ہم نے ان کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں۔ انہوں نے چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا ۔ آئی ایم ایف معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی کچھ شرائط کا تعلق چین سے تھا، چینی حکومت نے ماضی کی طرح دوبارہ پاکستان کا ہاتھ مضبوط کیا، چینی قیادت کا شکر گذار ہوں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے معاشی چیلنجز کو قبول کیا، اللہ تعالیٰ کے بے پناہ فضل و کرم سے حکومت اور تمام اداروں کی اجتماعی کاوشوں سے معاشی چیلنجز پر قابو پایا ہے،معاشی اشاریوں میں بتدریج بہتری آ رہی ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری سمت درست رکھے اور ہمیں پاکستان کے عوام کی حتی المقدور خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔