لاہور۔12فروری (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے دو روزہ دورہ پاکستان سے دوطرفہ سیاسی، سفارتی و تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ دورہ نہ صرف پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتے بلکہ علاقائی استحکام اور خوشحالی کے لئے ان کے مشترکہ وژن کا بھی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے سٹریٹجک شراکت کو مزید گہرا کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے جن میں تجارت ، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعاون شامل ہیں، دونوں ممالک تجارتی حجم میں اضافہ کرنے، تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور معاشی تعاون کے نئے مواقع کی تلاش کے لیے سر گرم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران انفراسٹرکچر، توانائی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری بھی ایک ترجیح ہوگی۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ دونوں ممالک پائیدار ترقی کے لئے ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے پر عزم ہیں، ان کے درمیان تجارتی تعلقات فروغ پذیر ہیں اور اس دورے کا مقصد ان کو مزید وسعت دینا ہے۔