ترک قوم بہت بہادر اور عظیم قوم ہے،زلزلہ سے متاثرہ ترک بھائیوں کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ترکیہ کے سرکاری ٹی وی ٹی آر ٹی سے خصوصی بات چیت

209

آدیامان(ترکیہ)۔17فروری (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک قوم بہت بہادر اور عظیم قوم ہے،زلزلہ سے متاثرہ ترک بھائیوں کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،عالمی برادری ترکیہ کے متاثرین زلزلہ کی امداد کے لئے آگے آئے،توقع ہے کہ رجب طیب اردوان کی قیادت میں تاریخ کے اس بدترین المیہ سے نمٹنے میں ترک قوم کامیاب ہوجائے گی۔

جمعہ کو ترکیہ کے زلزلہ سے متاثرہ علاقے آدیامان کے دورہ کے موقع پر ترکیہ کے سرکاری ٹی وی ٹی آر ٹی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ترکیہ میں بدترین زلزلہ سے 30 ہزارسے زائد افراد جاں بحق اور بڑی املاک تباہ ہوئی ہیں،اس میں کوئی شک نہیں کہ رجب طیب اردوان کی قیادت میں متاثرین کی بحالی اور آبادکاری کا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا جائے گا لیکن جن لوگوں کے پیارے اس زلزلہ کی وجہ سے ان سے بچھڑ گئے وہ ان کو واپس نہیں مل سکتے،ہزاروں افراد کے ساتھ ایسا ہوا کہ ان کے پیارے ان سے بچھڑ گئے ہیں،میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے متاثرین سے تعزیت،ہمدردی اور یکجہتی کے لئے آیا ہوں،اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء کرے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ یک جان دوقالب ہیں جن کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں،پاکستان اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گا جب تک کہ آخری متاثرہ شخص واپس اپنے گھر میں آباد نہیں ہو جاتا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ انسانی المیہ عالمی برادری کے بیدار ہونے کے لئےکال ہے،عالمی برادری،اقوام متحدہ ،اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور دیگر عالمی فورمز مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے بہادر عوام کے ساتھ کھڑے ہوں،ترکیہ نے پہلے بھی ایسے چیلنجوں کا کامیابی سے سامنا اور مقابلہ کیا ہے،توقع ہے ترک قوم تاریخ کے اس انسانی المیہ سے نمٹنے میں کامیاب ہوگی،عالمی برادری آگے آئے اور متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو میں اپنا کردار اداکرے،یہ سیاست اور ذات کی نہیں یہ بقا ء کی جنگ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات دیرینہ اور کئی دہائیوں پر محیط ہیں،وہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے امدادی کاموں کی خود نگرانی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترک بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے، ہم ایک خاندان کی طرح ہیں، پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے ترک بہن بھائیوں کے ساتھ ہے، ترک حکومت شہریوں کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، ترکیہ میں آنے والا زلزلہ تاریخ کا شدید ترین زلزلہ تھا۔