ترک وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے مضبوط رشتے کی عکاسی ہوتی ہے، وزیراعظم شہباز شریف

74

اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفد کے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے مضبوط رشتے کی عکاسی ہوتی ہے۔

جمعہ کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی ہدایت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفد سے ان کی ملاقات ہوئی ہے جو وزیر داخلہ سیلمان سولو اور وزیر ماحولیات ، شہری امور و ماحولیاتی تبدیلی مرات کورم کی زیر قیادت پاکستان کے دورہ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وفد ہماری تاریخ کی مشکل ترین گھڑی میں اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان آیا ہے، ترکیہ کی مدد سے ہمیں بڑی طاقت اور اعتماد حاصل ہوا ہے، ہم رجب اردوان کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے کے مضبوط رشتے کی عکاسی ہوتی ہے۔