اسلام آباد۔17نومبر (اے پی پی):ترک کمپنیاں پاکستان میں صنعتی یونٹس کے قیام پر گہری دلچسپی رکھتی ہیں جس کا مقصد ملک میں تعمیراتی صنعت کی ضروریات کو پوراکرنے کے لئے پیداواری عمل کا آغاز ہے۔ ترکش کمپنیوں کا ایک وفد پاکستان کے دورہ پر ہے جس نے مختلف تاجر رہنمائوں سے ملاقات کےدوران پاکستان میں صنعتی یونٹس کے قیام پر آمادگی کا اظہار کیا ہے۔ترکی کے ای ڈ ی او گروپ کے صدر مصطفیٰ ایس اے کے نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ ہے جہاں پر ہائوسنگ یونٹس اور کاروباری عمارات کی بہت زیادہ طلب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بھی کنسٹرکشن کے شعبہ کی ترقی کے لئے بہترین مراعاتی پیکج متعارف کرایا ہےلہٰذا غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہترین موقع ہے کہ پاکستان میں رئیل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن انڈسٹری میں مشترکہ منصوبے اور سرمایہ کاری کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے سرمایہ کار پاکستان میں نئی ٹیکنالوجی متعاف کرائیں گےاور صنعتی یونٹس کے قیام سے تعمیرات کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بہترین اور پرکشش مواقع سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صنعتی یونٹس کے قیام سے پاکستان کی اقتصادی شرح نمو اور برآمدات کی بڑھوتری میں مددملے گی۔