
کراچی۔ 03 ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں اور جامعات کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ،تاریخ اور سائنس کے مضامین میں بھی پی ایچ ڈی اساتذہ کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کوکراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد ،نائب صدر مشتاق سہیل، گورننگ باڈی کے ممبران شمس کیریو ،ذوالفقار راجپر، پریس کلب کے سابق صدر فاضل جمیلی،سابق خزانچی وحيد راجپر، قاضی آصف، عاجز جمالی،راؤ افنان ،نواب شاہ اور دیگر صحافی بھی موجود تھے۔
نگران وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن میں کراچی پریس کلب کے ممبران کے بچوں کیلئے اسکالرشپ مختص کی جائیں گی اور اسلام آباد میں وزارت تعلیم کی جانب سے صحافیوں کے لیے ورکشاپ منعقد کی جائے گی جس میں کراچی پریس کلب کے ممبران کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی جائے گی،سیکرٹری کراچی پریس کلب اپنے اراکین کی فہرست فراہم کریں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت تمام صوبوں میں نوکری سے ریٹائرڈ عمررسیدہ صحافیوں کے لیے انڈومنٹ فنڈ مقرر کرنا چاہیے جو ان کے لئے بڑھاپے کا سہارا بنے۔اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے کہا کہ کراچی پریس کلب کو وفاقی حکومت اور اداروں کی طرف سے مثبت تعاون کی ضرورت ہے جس میں کلب کے ممبران کے بچوں کے لیے وفاقی تعلیمی اداروں میں داخلوں کا کوٹہ اور اسکالرشپ مقرر کی جائے اور تعلیمی مسائل پر صحافیوں کے ساتھ تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں۔کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکرٹری شعیب احمد اور اراکین گورننگ باڈی کے نے وفاقی وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کو اجرک کا تحفہ بھی پیش کیا۔