تعلیمی ادارے آن لائن تعلیم کے فروغ کیلئے آئی ٹی انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کریں، اعلیٰ تعلیمی و تکنیکی اداروں کو انسانی وسائل ہنر مند بنانے پر توجہ دینا ہوگی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی نمل یونیورسٹی بارے بریفنگ کے دوران گفتگو

80

اسلام آباد۔10فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے آن لائن تعلیم کے فروغ کیلئے آئی ٹی انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری کریں، اعلیٰ تعلیمی و تکنیکی اداروں کو انسانی وسائل ہنر مند بنانے پر توجہ دینا ہوگی، ملکی تعلیمی اور باہنر انسانی وسائل کی ضروریات پورا کرنے کیلئے کمیونٹی کالجز کی ضرورت ہے۔

جمعرات کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) اسلام آباد کے بارے میں بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ہنر مند افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے، دنیا آن لائن تعلیم کی طرف بڑھ چکی ہے ، تعلیمی لاگت کم کرنے کیلئے آن لائن تعلیمی حجم اور ورچوئل کلاسز کی تعداد بڑھانا ہوگی۔

صدر مملکت نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ معدوم ہوتی زبانوں کے تحفظ اور بحالی کے لیے اقدامات کرے۔ ریکٹر نمل میجر جنرل (ر) محمد جعفر نے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں یونیورسٹی کے کردار کے بارے میں بریفنگ دی۔

صدر مملکت کو بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ طلبہ میں تنقیدی و تجزیاتی سوچ پیدا کرنے کیلئے تدریس کا تصوراتی نقطہ نظر متعارف کرا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت 22 ہزار طلباء یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں زیر تعلیم ہیں۔ ریکٹر نمل نے آئی ٹی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، آئی ٹی کو لینگویج سیکھنے اور ترجمے میں مربوط بنانے سمیت اعلیٰ معیار کی تحقیق کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔