تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے نومنتخب چیئرمین کو پوٹھوہار گروپ کی مبارکباد، مکمل تعاون کی یقین دہانی

تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے نومنتخب چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود کو عہدے کا چارج سنبھالنے پر پوٹھوہار گروپ کے وفد نے سابق صدر ایمپلائز ایسوسی ایشن راجہ عثمان شہزاد کی قیادت میں ملاقات کر کے مبارکباد پیش کی

راولپنڈی۔7جولائی (اے پی پی):تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے نومنتخب چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود کو عہدے کا چارج سنبھالنے پر پوٹھوہار گروپ کے وفد نے سابق صدر ایمپلائز ایسوسی ایشن راجہ عثمان شہزاد کی قیادت میں ملاقات کر کے مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وفد میں محمد شعبان عباسی، چوہدری شاہد ایوب، حفیظ ستی، ملک فہد، نواز عباسی، اقبال انصاری، ارشد ستی، طارق عزیز، ملک الطاف حیدری، توصیف شاہ، حاجی عاصم انجینئر، سید سہیل مظفر، یاسر جنجوعہ اور پوٹھوہار گروپ کے دیگر اراکین شامل تھے۔

ملاقات کے دوران وفد نے امید ظاہر کی کہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود اپنی قیادت میں تعلیمی بورڈ راولپنڈی میں انتظامی امور کو مزید موثر بنائیں گے، ملازمین کے مسائل کے حل، ادارے کی بہتری اور طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔اس موقع پر راجہ عثمان شہزاد نے کہا کہ انہیں یقین ہے نومنتخب چیئرمین تمام ملازمین اور مختلف گروپس کو مساوی اہمیت دیتے ہوئے میرٹ، شفافیت اور باہمی احترام کی روایت کو فروغ دیں گے جس سے ادارے کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔

وفد نے چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ان کی کامیابی، ادارے کی ترقی اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔