ڈپٹی کمشنر جامشورو نے ایک ہفتے پر مشتمل بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کر دیا

ریجنل بلڈ سینٹر (آر بی سی)حیدر آبادمیں خون کی قلت پر قابو پانے اور ضرورت مند مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے ایک ہفتے پر مشتمل بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کر دیا ہے

حیدرآباد۔ 07 جولائی (اے پی پی):ریجنل بلڈ سینٹر (آر بی سی)حیدر آبادمیں خون کی قلت پر قابو پانے اور ضرورت مند مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے ایک ہفتے پر مشتمل بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا عظیم انسانی خدمت اور جسم کی زکوٰۃ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بیگ خون کسی حادثے کے شکار فرد، ضرورت مند مریض یا تھیلیسیمیا میں مبتلا بچے کی زندگی بچانے کا سبب بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران، اہلکار اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے رضاکار اس مہم میں بھرپور انداز سے حصہ لیں گے تاکہ ریجنل بلڈ سینٹر میں خون کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلع جامشورو کے شہری ہمیشہ کی طرح انسانی ہمدردی اور سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی تعداد میں خون کا عطیہ دیں گے، جس سے ریجنل بلڈ سینٹر اپنے مقررہ ہدف کے حصول میں کامیاب ہوگا اور ضرورت مند مریضوں کو بروقت خون کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے گی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹری ایاز حسین مشہوری، ضلعی انتظامیہ کے افسران، اہلکاروں اور دیگر رضاکاروں نے بھی خون کا عطیہ دے کر مہم میں عملی حصہ لیا۔ ریجنل بلڈ سینٹر کے ایگزیکٹو شہزاد احمد نے ڈپٹی کمشنر جامشورو کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی سے نہ صرف بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد ممکن ہوا بلکہ معاشرے میں رضاکارانہ خون عطیہ کرنے کے رجحان کو فروغ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم سے بالخصوص تھیلیسیمیا سمیت دیگر امراض میں مبتلا غریب مریضوں کے لیے خون کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خون کا عطیہ صرف ایک بیگ خون دینا نہیں بلکہ کسی قیمتی انسانی جان کو بچانا اور ایک خاندان کی امیدیں بحال کرنا ہے، کیونکہ ایک انسان کی جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے۔