بلاول بھٹو زرداری کی گلگت بلتستان حکومت کو 100 روزہ پلان تیار کرنے کی ہدایت

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس گلگت میں پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

گلگت۔ 07 جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس گلگت میں پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گلگت بلتستان کے سابق گورنر قمر زمان کائرہ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ، پارٹی کے عہدیداران اور رہنماؤں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پارٹی عہدیداران نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو حالیہ انتخابات سے متعلق اپنی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور گلگت بلتستان میں انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز بھی دیں۔اس موقع پر بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں اور حکومت کو ہدایت کی کہ وہ بند کمروں میں بیٹھ کر نہیں بلکہ عوام کے درمیان رہ کر حکومت چلائیں اور عوامی مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان کی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے 100 روزہ جامع منصوبہ تیار کیا جائے اور مقررہ مدت مکمل ہونے پر اس کی کارکردگی رپورٹ انہیں پیش کی جائے۔ انھوں نے مزید ہدایت کی کہ حقِ ملکیت سے متعلق قانون سازی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ حقِ حاکمیت کے حوالے سے گلگت بلتستان اسمبلی کے پہلے اجلاس میں قرارداد پیش کی جائے۔انہوں نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری طور پر گراؤنڈ ورک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کا مؤثر نظام عوامی مسائل کے حل اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے لیے ناگزیر ہے۔

مزید خبریں