ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے مون سون سیزن 2026ء کے دوران ممکنہ سیلاب، شدید بارشوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع مون سون پلان جاری کر دیا ہے
میپکو کا ممکنہ سیلاب، شدید بارشوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع پلان جاری

مزید خبریں
ملتان۔ 07 جولائی (اے پی پی):ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے مون سون سیزن 2026ء کے دوران ممکنہ سیلاب، شدید بارشوں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع مون سون پلان جاری کر دیا ہے۔منگل کو میپکو ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گل محمد زاہد کی نگرانی میں ہیڈکوارٹر میں مرکزی فلڈ مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے جبکہ تمام آپریشن سرکلوں، ڈویژنوں اور سب ڈویژنوں میں بھی کنٹرول رومز 24 گھنٹے فعال رہیں گے۔
جنرل منیجر آپریشن انجینئر محمد اکرم سیال نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی کے نظام کی مسلسل نگرانی کی جائے اور ٹرانسفارمرز، پولز، کنڈکٹرز، انسولیٹرز سمیت ضروری سامان کا وافر ذخیرہ یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی خرابی کی صورت میں بجلی کی فراہمی جلد بحال کی جا سکے۔
خصوصی مرمتی ٹیموں، کرینوں اور دیگر مشینری کو بھی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ میپکو کے مطابق ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی ممکن ہو۔کمپنی نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ ٹوٹے ہوئے بجلی کے تاروں یا جھکے ہوئے پولز سے دور رہیں اور ایسی صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ شکایت مرکز کو دیں۔ مون سون کے دوران ریجنل، سرکل اور کمپلینٹ سنٹرز سمیت تمام کسٹمر سروس مراکز بھی 24 گھنٹے فعال رہیں گے۔







