وفاقی محتسب کی مداخلت پر مستحق شہری کو پاکستان بیت المال سے مالی امداد فراہم کر دی گئی

وفاقی محتسب سیکرٹریٹ علاقائی دفتر پشاور کی بروقت مداخلت پر ضلع صوابی کے ایک مستحق شہری کو پاکستان بیت المال سے مالی امداد فراہم کر دی گئی

پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):وفاقی محتسب سیکرٹریٹ علاقائی دفتر پشاور کی بروقت مداخلت پر ضلع صوابی کے ایک مستحق شہری کو پاکستان بیت المال سے مالی امداد فراہم کر دی گئی، جس کے بعد شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب کے کردار کو سراہتے ہوئے ادارے کا شکریہ ادا کیا۔تفصیلات کے مطابق شاہ خالد سکنہ ضلع صوابی نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ، علاقائی دفتر پشاور میں شکایت درج کرائی۔

شکایت کنندہ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ انتہائی غریب، بے سہارا اور آمدن کے کسی مستقل ذریعے سے محروم ہیں۔ انہوں نے پاکستان بیت المال سے مالی امداد کے حصول کے لیے درخواست دی تھی، تاہم متعلقہ ادارے کی جانب سے ان کی درخواست پر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی، جس کے باعث وہ شدید مالی مشکلات کا شکار رہے۔وفاقی محتسب سیکرٹریٹ، علاقائی دفتر پشاور کے ریجنل ہیڈ محمد قاسم جان نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ادارے سے رابطہ کیا اور شکایت کے جلد ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔ کیس کی تحقیقات ڈائریکٹر/انویسٹیگیشن آفیسر فواد حنیف نے انجام دیں جبکہ فیصلے پر عملدرآمد ڈپٹی ایڈوائزر محمد عالمزیب نے یقینی بنایا۔ وفاقی محتسب کی مؤثر مداخلت کے نتیجے میں شکایت کنندہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے مطلوبہ مالی امداد فراہم کر دی گئی۔

شکایت کنندہ شاہ خالد نے بروقت، مفت اور مؤثر انصاف کی فراہمی پر وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ اور ریجنل ہیڈ پشاور محمد قاسم جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارے نے داد رسی کر کے ان کی دیرینہ پریشانی کا خاتمہ کیا۔ریجنل ہیڈ پشاور محمد قاسم جان نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ معاشرے کے کمزور، مستحق اور نادار طبقات کو فوری اور بلا معاوضہ انصاف فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوامی فلاح و بہبود سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے۔عوام وفاقی اداروں میں بدانتظامی، ناانصافی یا غیر ضروری تاخیر سے متعلق اپنی شکایات وفاقی محتسب سیکرٹریٹ، علاقائی دفتر پشاور یا سرکاری واٹس ایپ نمبر 03108147713 پر درج کرا سکتے ہیں۔

مزید خبریں