دفاعی چیمپئن ارجنٹائن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مصر کو 2-3 گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ 2026 کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا اور اپنی مسلسل فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔
دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیم فتوحات برقرار رکھتے ہوئے فیفا ورلڈکپ 2026 کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی،فاتح ٹیم نے پری کوارٹرفائنل میں مصر کو اعصاب شکن مقابلے میں شکست دی

مزید خبریں
اٹلانٹا۔7جولائی (اے پی پی):تین مرتبہ کی عالمی اور دفاعی چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیم فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئےفیفا ورلڈکپ 2026 کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی، فاتح ٹیم نے پری کوارٹر فائنل میں مصر کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 2-3 گولز سے شکست دی۔
منگل کو اٹلانٹا میں کھیلے گئے فیفا ورلڈکپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن ارجنٹائن اور مصر کی ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا،مصر کی ٹیم پہلے کوارٹر تک مکمل طور پر ارجنٹائن پر حاوی رہی اور اسے 0-1گول کی سبقت حاصل تھی، مصر کے یاسر ابراہیم نے میچ کے 15ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو ارجنٹائن کے خلاف برتری دلائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کے 67ویں منٹ میں مصر کے مصطفی زیکو نے شاندار گول کر کے ٹیم کی برتری دوگنی کر دی، اس موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ مصر کی ٹیم یہ میچ جیت جائے گی تاہم میچ کے 79ویں منٹ میں کرسچین رومیرو نے ارجنٹائن کی طرف سے پہلا گول داغ دیا، چار منٹ بعد لائنل میسی نے شاندار گول کر کے مقابلہ 2-2 گولز سے برابر کرکے میچ کا نقشہ بدل دیا، اس کے بعد ارجنٹائن کی ٹیم مکمل طور پر مصر پر حاوی ہو گئی ،اضافی وقت کے تیسرے منٹ میں ارجنٹائن کے فرننڈیز نے شاندار گول کر کے ٹیم کو مصر کے خلاف 2-3 گولز کی برتری دلا دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، اسطرح ارجنٹائن نے مصر کو دو کے مقابلے میں تین گولز سے زیر کر کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ یاد رہے کہ ارجنٹائن نے 2022 میں منعقدہ فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں فرانس کو شکست دے کر تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔







