ڈیرہ غازی خان۔ 24 جنوری (اے پی پی):تعلیمی بورڈ ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام میٹرک، انٹر میڈیٹ پہلے سالانہ امتحانات 2025بالترتیب 4مارچ اور 29اپریل سے شروع ہوں گے۔ترجمان ڈیرہ غازی خان بورڈ کے مطابق دوران امتحان یا بعد از امتحان سوالیہ پرچہ جات کی سوشل میڈیا پر تشہیر کی سختی سے ممانعت ہے اور خلاف ورزی پر پنجاب یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ایجوکیشن مال پریکٹس ایکٹ 1950کے تحت تین سال تک قید
اور پچاس ہزار روپے جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دوران امتحان کوئی فرد کسی آلے کی مدد سے سوالیہ پرچہ کی تصویر نہ لے، کسی قسم کی ریکارڈنگ نہ کرے اور امتحانی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالے کیونکہ ایسا کرنا قانونی طور پر جرم ہے۔ترجمان نے تنبیہ کی ہے کہ بورڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے امتحانات میں کسی بھی قسم کے غیر قانونی ذرائع کے استعمال سے گریز کریں بصورت دیگر حسب ضابطہ کارروائی کی جائے گی۔