سرگودھا -11 مئی (اے پی پی):کنٹرولر امتحانات بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا ریاض قدیر بھٹی نے کہا ہے کہ گورنمنٹ آف پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ لاہور کے مطابق تمام جملہ متعلقین، ادارہ جات اور طلباء و طالبات اور والدین اساتذہ اکرام و دیگر سپروائزر سٹاف کو مطلع کیا جاتا ہے کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا کے زیر اہتمام مورخہ 12 مئی 2025 ء بروز پیر کو ہونے والے انٹرمیڈیٹ پہلا سالانہ امتحان 2025ء کے پرچہ جات پہلے سے جاری کردہ رولنمبرز سلپس پر درج ٹائم
گروپ اور سینٹر کے مطابق ہوں گے ۔ اس کے علاؤہ کنٹرولر امتحانات نے بتایا کہ میٹرک پہلا سالانہ امتحان 2025ء کے پریکٹیکلز امتحانات بھی پہلے سے جاری کردہ رولنمبرز سلپس پر درج ٹائم ، گروپ ، سینٹرز اور لیبارٹریز کے مطابق ہوں گے ۔ ریاض قدیر کے بتایا کہ امتحانات میں شرکت نہ کرنے کی صورت میں تمام ذمہ داری امیدواران پر عائد ہو گی۔ مورخہ 7 مئی 2025ء اور مورخہ 9 مئی 2025ء کو ملتوی کئے گئے امتحانات برائے انٹرمیڈیٹ پہلا سالانہ امتحان 2025ء اور پریکٹیکلز امتحانات برائے میٹرک پہلا سالانہ امتحان 2025ء کی ڈیٹ شیٹ دوبارہ جاری کی جائے گی۔