اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے بغیر ترقی کا سفر ممکن نہیں ، سٹیم ٹیکنالوجی تعلیم کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔بدھ کو سٹیم ٹیچنگ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ ایک اہم پراجیکٹ ہے جو ہمارے بچوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم دینے میں مدد گار ثابت ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک پائلٹ پراجیکٹ ہے اسے مستقبل میں جاری رکھا جائے گا ۔
شفقت محمود نے کہاکہ دوسری جنگ عظیم ختم ہوئی توجرمنی اور جاپان مکمل طور پر تباہ ہو چکے تھے ، دونوں ممالک نے تعلیم کی مدد سے جلد دوبارہ ترقی کی منازل طے کیں۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم ہمارے لئے نہ صرف ضروری ہے بلکہ ناگزیر ہے ،ہماری تعلیم کا سسٹم دکیا نوسی پہ چل رہا ہے ،ہم سب رٹے کی پیداوار ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ ٹیکنالوجی ہر شعبہ میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے ،ہم سمجھتے ہیں کہ آنے والے وقت میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ چھوٹے بچوں کو بھی ٹیکنالوجی کے استعمال سے مزید اچھی تعلیم دی جاسکتی ہے ، اس وقت یہ ٹیکنالوجی 30 سکولوں میں ہے تاہم ہماری کوشش ہے کہ اس ٹیکنالوجی کو پورے ملک میں لیکر جائیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ایلیٹ سکولز کا تصور بھی ختم کریں۔
اس موقع پر وفاقی نظامت تعلیمات کے چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک نے کہاکہ ہمیں اپنی تعلیمی نظام میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے ،سٹیم پراجیکٹ اس وقت ہماری ضرورت ہے اس سے ایجوکیشن نظام میں تبدیلیاں آسکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ پراجیکٹ اسد عمر اور شفقت محمود کی سپورٹ سے ممکن ہوا، مجھے امید ہے کہ وقت گزرنے کیساتھ اس میں مزید بہتری آئیگی ہم بہت جلد اس ماڈل کودیگر اداروں میں بھی لے کر جائیں گے۔