تعلیم ،صحت ،صفائی اور صاف پانی پینے جیسی سہولتوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ،چیف سیکرٹری بلوچستان

210

کوئٹہ۔ 29 دسمبر (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بذریعہ وڈیو لنک کمشنر سبی ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی نے سبی ڈویژن میں تعلیم و صحت کے شعبوں میں بہتری ، غیر حاضر ملازمین کے خلاف کاروائیاں ، پرائس کنٹرول کمیٹی سمیت تمام محکموں کی کارکردگی کے متعلق ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کانفرنس کے اجلاس میں بریفنگ دی ہے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی ڈاکٹر خدائے رحیم سمیت سبی ڈویژن کے پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی-

سبی ڈویژن جو کہ بلوچستان کا ایک اہم ترین ڈویژن ہے اور سبی سمیت پانچ اضلاع پر مشتمل ہے جس میں سبی ،کوہلو، ہرنائی، زیارت، ڈیرہ بگٹی شامل ہیں کمشنر سبی نے سبی ڈویژن کے تمام محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کو تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف امور کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کیا گیا ۔کمشنر سبی ڈویژن نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ انہوں نے گاہے بگاہے ڈویژن کے تمام علاقوں کے متعدد دورے کیے ہیں جن میں سپورٹس کمپلیکسز، ڈسٹرکٹ جیل ہسپتال اور بی ایچ یوز سمیت تعلیمی اداروں اور مختلف محکموں کے دورے کیے غیر حاضر ملازمین کے خلاف کارروائی کی گئی ، عوام کو سہولیات کی فراہمی کے متعلق فیصلے لیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ کوتاہی اور غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف سخت سے سخت کارروائیاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سبی ڈویژن میں محکمہ صحت کو دیکھا جائے تو چار ڈاکٹروں کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں جبکہ چھ ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع زیارت میں شعبہ صحت کے 34 غیر حاضر ملازمین کو معطل کیا گیا ہے جبکہ 07 ملازمین کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں ضلع ہرنائی میں بھی مختلف ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں ضلع کوہلو میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کے پلیٹ فارم سے پانچ مستقل غیر حاضر ملازمین کو نوکری سے فارغ کیا گیا ہے جبکہ مزید دس ملازمین کو نوکری سے فارغ کرنے کی سفارشات بھی متعلقہ محکمہ کو بھجوا دی گئی ہیں اور دیگر غیر حاضر ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتیاں بھی کی گئی ہیں اس کے علاوہ ضلع کوہلو میں تین آر ایچ سی کے بند ہونے پر انکوائری تشکیل دے دی ہے۔

کمشنر سبی ڈویژن نے محکمہ تعلیم کے غیر حاضر ملازمین کی تفصیل دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سبی کے 14 اساتذہ کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں جبکہ 20 اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ اسی طرح ضلع زیارت میں 24 اساتذہ کو معطل کیا گیا ہے جبکہ 22 اساتذہ کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں ضلع کوہلو میں 352 غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کوہلو میں 25 ایسے اسکول جو کہ غیر فعال تھے ان کو فعال کر دیا گیا ہے۔ ضلع ہرنائی میں وہ اساتذہ جو کہ اٹیچمنٹ پر تھے ان کی اٹیچمنٹ ختم کر کے انہیں ان کے اسٹیشن پر بھیجا گیا ہے ۔

ضلع ڈیرہ بگٹی میں 120 غیر حاضر اساتذہ کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں اور 13اساتذہ کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں 13 اسکول جو غیر فعال تھے جن میں سات سکولوں کو فعال کر دیا گیا ہے اور تمام اساتذہ کے اٹیچمنٹ آرڈرز ختم کر دیے گئے ہیں کمشنر سبی بشیر احمد بنگلزئی نے اجلاس کے شرکاء کو لیویز فورس کے غیر حاضر ملازمین کے حوالے سے بتایا کہ فرائض میں غفلت وغیر حاضری کے باعث ضلع سبی میں ایک لیویز اہلکار کو معطل جبکہ تین لیویز اہلکاروں کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں ضلع زیارت میں 07 لیویز اہلکاروں کو معطل اور پانچ لیویز اہلکاروں کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں ۔ضلع ہرنائی میں 50 غیر حاضر لیویز اہلکاروں کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں اسی طرح ضلع کوہلو میں 163 لیویز اہلکاروں کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں ضلع ڈیرہ بگٹی میں 51 معطل اہلکاروں کی تنخواہیں کاٹی گئی ہیں جبکہ 12 اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کروا کے بازاروں میں دورے کرتے ہیں اور اشیاء کی قیمتوں کا نرخ چیک کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانا پہلی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صحت صفائی اور صاف پانی پینے جیسی سہولتوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ ہسپتالوں سمیت اسکولوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔