34.4 C
Islamabad
منگل, اپریل 15, 2025
ہومعلاقائی خبریںتعلیم اور صحت میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اساتذہ خلوص نیت...

تعلیم اور صحت میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اساتذہ خلوص نیت اور دیانتداری سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کریں، مولانا ہدایت الرحمان

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 08 اپریل (اے پی پی):رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ڈائریکٹر کالجز بلوچستان محمد حسین کے ہمراہ سید ظہور شاہ ہاشمی گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، سہولیات اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس کی صدارت بھی کی۔اجلاس میں مختلف کالجز کے پرنسپلز اور تعلیمی افسران نے شرکت کی جن میں گورنمنٹ انٹر کالج پیشکان کے پرنسپل محمد عادل بلوچ، گورنمنٹ ڈگری کالج پسنی کے شہزاد علی، گورنمنٹ گرلز انٹر کالج جیوانی کے عبداللہ بلوچ، گورنمنٹ انٹر کالج اورماڑہ کے مختار علی، گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج گوادر کی پرنسپل سبین بلوچ، اے ڈی ایم او شریف الدین، ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر کالجز برکت اسماعیل، گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج گوادر کے پرنسپل پروفیسر نصیر احمد بلوچ اور دیگر اساتذہ و افسران شامل تھے۔

اجلاس کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے تعلیمی نظام کو درپیش چیلنجز پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مربوط اور عملی حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں کالجز کے پرنسپلز نے طلبہ کی غیر حاضری کو ایک سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ اس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور والدین کو بھی اس ضمن میں باخبر رکھا جائے گا۔اساتذہ نے اجلاس میں اپنے رہائشی مسائل، کالج کی اراضی پر مبینہ قبضے اور لائبریری میں فرنیچر کی کمی جیسے اہم مسائل اجاگر کیے، جنہیں ڈائریکٹر کالجز محمد حسین نے نہایت سنجیدگی سے سنا اور ان کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اساتذہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ طلبہ کے لیے رول ماڈل کا کردار ادا کریں، تدریسی ماحول کو سوال و جواب سے مؤثر بنائیں اور طلبہ کو ان کی دلچسپی کے مضامین کی طرف مائل کریں۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم ورک، والدین کی شمولیت اور جدید تدریسی طریقوں سے طلبہ کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ممکن ہے۔دورے کے اختتام پر ڈائریکٹر کالجز محمد حسین اور ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر نے کالج کے احاطے میں پودے لگا کر ماحولیاتی بہتری کے لیے عملی قدم اٹھایا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے طلبہ، اساتذہ اور کالج انتظامیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ”تعلیم اور صحت میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اساتذہ خلوص نیت اور دیانتداری سے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کریں جبکہ طلبہ پوری لگن اور سنجیدگی کے ساتھ تعلیم پر توجہ دیں، کیونکہ تعلیم ہی ترقی کا واحد راستہ ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579749

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں