اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ تعلیم اور صنعت کا تعاون پاکستان کے نوجوانوں کی ترقی کی کلید ہے۔
وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے ہفتہ کو یہاں موصولہ اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کیلی یونیورسٹی کے ڈینس کوٹس فاؤنڈیشن بلڈنگ اینڈ بزنس سکول کا دورہ کیا اور تعلیمی نظام میں صنعت کو مربوط کرنے والے ایک جدید ماڈل کا مشاہدہ کیا،
یہ جدید نقطہ نظر طلباء اور صنعت کے رہنماؤں کے درمیان براہ راست تعاون کو فروغ دیتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ گریجویٹس مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق مہارتوں کے مالک ہوں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ یونیورسٹیوں کو صرف جسمانی ساخت تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں جدت اور تخلیقی صلاحیتوں کے مراکز میں تبدیل ہونا چاہیے۔ انہوں نے منصوبہ بندی کمیشن کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان میں بھی ایسا ہی ماڈل اپنائیں جس میں تعلیمی نصاب اور ادارہ جاتی فریم ورک کے اندر صنعتی شراکت داری کو شامل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات طلباء کو تجربہ اور صنعت کی رہنمائی فراہم کریں گے، تعلیم اور روزگار کے درمیان فرق کو ختم کریں گے اور ملک کی معیشت کے لیے ایک نئی سمت متعین کریں گے۔