تعلیم روزگار کا ذریعہ اور ایک مقدس فریضہ ہے، دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد کا انگلش لینگویج پرائیویٹ سکول دبئی میں تقریب سے خطاب

2

دبئی۔26جون (اے پی پی):دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے اسلام میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم صرف روزگار کے لیے ایک ذریعہ نہیں بلکہ ایک مقدس فریضہ ہے۔ جمعرات کو دبئی میں پاکستانی قونصل خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے انگلش لینگویج پرائیویٹ سکول (ای ایل پی ایس) دبئی میں اے لیول نصاب کے گریجویشن کی کلاس آف 2025 کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

قونصل جنرل حسین محمد نے فارغ التحصیل طلبہ کو ان کی علمی کامیابیوں پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اسلام میں تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمدﷺ پر نازل ہونے والا پہلا الہامی حکم علم حاصل کرنے کے بارے میں تھا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ تعلیم صرف روزگار کے لیے ایک ذریعہ نہیں بلکہ ایک مقدس فریضہ ہے۔ قونصل جنرل نے طلبہ کو عمر بھر سیکھتے رہنے اور معاشرے کے ذمہ دار شہری بننے کی تلقین کی اور زور دیا کہ وہ اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں دیانتداری

ہمدردی اور مہربانی کو رہنما اصول بنائیں۔ انہوں نے طلبہ کی کامیابی میں سکول کے اساتذہ، انتظامیہ اور والدین کے کردار کو سراہا اور فارغ التحصیل طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔