راولپنڈی۔ 27 نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کا بہترین اثاثہ سٹوڈنٹس ہیں اور تعلیمی اداروں کا اصل مقصد نوجوانوں کو تعلیم و تربیت اور ہنر کے ذریعہ قابل جوہر بنانا ہے جو ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔یہ بات انہوں نے یونیورسٹی آف واہ کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وائس چانسلر پروفسیر ڈاکٹر جمیل النبی، وائس چانسلر کوہسار یونیورسٹی، وائس چانسلر یو ای ٹی ٹیکسلا، پرنسپل واہ میڈیکل کالج، یونیورسٹی آف واہ کے بورڈ آف گورنرز اور فیکلٹی کے ممبران، سٹوڈنٹس اور اساتذہ کی کثیر تعداد کانووکیشن میں موجود تھی۔اس موقع پر پی ایچ ڈی کے علاوہ بی ایس کمپیوٹر سائنسز اور کیمیکل، سول، الیکٹریکل، مکینکل اور میکا ٹرانکس انجینئرنگ، بی ایس میتھمیٹکس،اکنامکس، انگلش، اسلامک سٹڈیز اور بی بی اے کے فارغ التحصیل سٹوڈنٹس کو ڈگریاں دی گئیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں پر آبادی میں نوجوانوں کی شرح کئی ممالک سے زیادہ ہے اور یہی نوجوان تعلیم اور محنت کے بل بوتے پر ملک میں خوشحالی اور استحکام کا سبب بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور کئی دیگر عوامل کی وجہ سے آئندہ دس سالوں میں دنیا کا آج تک سیکھا ہوا نالج دو گنا ہو جائے گا اور علم و ہنر کی آنے والی ان مسلسل تبدیلیوں کی وجہ سے وہی ماہرین اپنا وجود برقرار رکھ سکیں گے جو خود ریسرچ اور نالج سے جڑے رکھیں گے۔گورنر نے کہا فکر معاش میں اخلاقی اقدار کو کبھی نہ بھولیں کیونکہ ہماری اخلاقیات ہی ہماری پہچان ہیں اور اس دنیا اور آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں کئی مسائل ہیں مگر اس کیباوجود ملک اور معاشرے میں بیشمار مثبت پہلو بھی ہیں جن کی موجودگی حوصلہ افزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیاں اور خامیاں ہر معاشرے میں موجود ہیں لہذا نوجوانوں کو مایوس اور دل گرفتہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے
بلکہ مثبت سوچ اور نظریہ کے ساتھ ملک کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غیر ذمہ داری سے استعمال اور غلط معلومات پھیلانا معاشرے کیلئے ایک خطرناک رحجان ہے۔وائس چانسلر پروفسیر ڈاکٹر جمیل النبی نے اس موقع پر کہا کہ واہ یونیورسٹی مختصر وقت میں ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور پاکستان کی تمام یونیورسٹیوں میں ایک اہم مقام بنا چکی ہے۔ تقریب کے اختتام پر گورنر نے فارغ التحصیل ہونے والے سٹوڈنٹس کو ڈگریاں دیں اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کو میڈلز دیئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=414584