تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کوکھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، محی الدین احمد وانی

144

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم محی الدین احمد وانی نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ و طالبات کو کھیلوں کی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرناولین ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں گرلز سپورٹس کارنیول کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ، فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد اور فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اسلام آباد کی جانب سے تین روزہ گرلز سپورٹس کارنیول کا انعقاد پاکستان سپورٹس بورڈ میں کر دیا گیا۔کارنیول کے دوسرے روز شائقین سمیت فیملیز نے بھی بھرپور شرکت کی اور کارنیول میں سپورٹس گیم اور مختلف ثقافتی ٹیبلوز سے بھرپور لطف اندوز ہوئے۔

کارنیول کے موقع پر مختلف ثقافتی ، تعلیمی ، ٹریفک کے حصول، کھانے پینے کی اشیاء اور رنگا رنگ سٹالز سے بھی کھلاڑیوں ، طلباء ،شائقین اور فیملیز نے بھرپور انجوائے کیا۔اس کارنیول کا مقصد ملک بھر کی نوجوان خواتین کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور ٹیلنٹ کو اجاگر کرنا ہے۔

اس موقع پروفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین احمد وانی نے کہا کہ ہمیں یہاں کہتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ کارنیول میں شرکت کرنے والے ہر بچے اوربڑے کے چہرے پر خوشی کی لہر دیکھی گئی ،ہماری اولین ترجیح ہے کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں اور بچیوں کو ہر صورت کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے اور اس سلسلے میں انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔اس موقع پر چیئرمین فیڈرل بورڈ سید جنید اخلاق نے تمام ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اسی طرح کھیلوں کے میدان میں بھی اپنے ملک کا نام روشن کرتی رہیں ۔