اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی کمزوریوں کی طرف نظر ڈالنی ہے تاکہ دشمن کو موقع نہ ملے، دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بیانیہ کی جنگ بھی جیتنی ہے، پاک فوج خراج تحسین کی مستحق ہے، تعلیم کے مختلف نظام کی وجہ سے ہم بکھرے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیراہتمام ہم پاکستانی کے موضوع پر منعقدہ ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیکھا ہے کہ دشمنوں کو مواقع نہیں فراہم کرنے چاہئیں کہ ہمارا نقصان ہو۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ساتھ ساتھ بیانیہ کی جنگ بھی جیتنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے مختلف نظام کی وجہ سے ہم بکھرے ہوئے ہیں، ہم نے تین قسم کے نظام تعلیم میں آنکھ کھولی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیم مختلف ہے تو ہم دنیا کو مختلف زاویوں سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچ، نظریے اور بیانیہ کی طاقت پاکستان کوروشن کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان ہمارے دلوں پر اثر انداز بھی ہوتا ہے اور جھنجوڑتا بھی ہے۔ اس موقع پر ریکٹر جامعہ ڈاکٹر معصوم یاسین زئی نے اپنے خطاب میں اتحاد امت اور تشدد کی بیخ کنی سمیت معاشرے میں امن کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔ سیمینار سے صدر جامعہ ڈاکٹر ھذال حمود العتیبی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے معاشرے میں امن میں اسلامی یونیورسٹی کے کردار پر گفتگو کی اور اس عزم کو دوہرایا کہ جامعہ دنیا میں امن و سلامتی کے فروغ میں پیش پیش رہے گی۔