اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ تعلیم یافتہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ترقی اور خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں، جدید دور میں خواتین مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، جو ملک کی اقتصادی، سماجی اور ثقافتی ترقی کے لئے ایک مثبت پیشرفت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اسلام آباد فاؤنڈرزلائنزکلب کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ویمن ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سینیٹر نیلو فربختیار،کلب کے صدر محمدنوید ملک اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔
گورنرخیبرپختونخوا نے اس موقع پر مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر خواتین میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہاکہ خواتین کو ہرشعبہ زندگی میں آگے آنا چاہئے، شہید بینظیر بھٹو نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے تھے اور خود بھی خواتین کیلئے ایک مثال رہی ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ جب خواتین کو معیاری تعلیم فراہم کی جاتی ہے تو وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری قوم کی فلاح و بہبود میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتی ہیں، تعلیم یافتہ خواتین ہی معاشرے کو مزید ترقی کی راہ پر گامزن کرتی ہیں۔
گورنر نے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ آج خواتین صحت، معیشت، سیاست، سائنس اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہیں، خاص طور پر کاروبار اور ڈیجیٹل معیشت میں خواتین کی شمولیت معیشت کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے۔انہوں نے اسلام آباد فاؤنڈرزلائنز کلب کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ کلب نہ صرف ہماری خواتین کے لئے انفرادی طور پر بہت کچھ کر رہا ہے بلکہ پاکستان سویٹ ہوم کے ساتھ مل کر یتیم لڑکیوں کی تعلیم، صحت کی دیکھ بھال اور مجموعی فلاح کے لئے بھی کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ان کی محنت اس بات کی روشن مثال ہے کہ کس طرح تنظیمیں اور افراد مل کر نوجوان لڑکیوں کی زندگیوں میں ایک حقیقی فرق ڈال سکتے ہیں اور انہیں امید، مواقع اور بہتر مستقبل فراہم کرتے ہیں
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=567174