تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں ،سردار سلیم حیدر خان

174

لاہور۔28نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ احتجاج کی کال پر نوجوان نسل کو گمراہ کیا گیا۔ توڑ پھوڑ اور احتجاج کی سیاست کو نوجوان نسل نے مسترد کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روزگورنر ہاوس لاہور میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ و طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں سبط حسن کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم کا مستقبل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کا اہم مقصد اپنے اندر برداشت پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی صلاحیتوں کے لحاظ سے ہماری نوجوان نسل دیگر ممالک سے کہیں آگے ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے جدت اور تحقیقی اصولوں کو اپناتے ہوئے نئی ایجادات اور اختراع کے ذریعے دنیا بھر میں اپنی شناخت بنائیں اور وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے نوجوان نسل کو گمراہ کیا گیا لیکن ہماری باشعور نوجوان نسل نے اسے یکسر طور پرمسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پرتشدد احتجاج سے جہاں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا وہاں ملک کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ اتحادی حکومت کے چلنے سے ملک کی معیشت سمیت تمام اشاریئے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔اس موقع پر طلبہ نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹی کے مسائل بشمول تعلیمی سہولیات کی کمی اور ہاسٹل کے ناقص انتظامات جیسے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔طلبہ نے فیسوں میں بے جا اضافے اور سکالرشپ کے اجرا میں تاخیر جیسے مسائل پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔انہوں نے طلبہ کودرپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔وفد میں احسن رضوی، منصور کٹاریہ، ناصر مہدی، حسن خان اور حذیفہ مظہر بھی شریک تھے۔