لاہور۔16فروری (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ تعمیراتی صنعت ترقی اور جی ڈی پی کی نمو میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ہنر مند اور غیر ہنر مند افراد کو بڑی تعداد میں روزگار کے مواقع فراہم کرتی ہے۔
اتوار کو ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر میاں زاہد اقبال کی قیادت میں صنعت کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت ترقی، معاشی نمو، ملازمتوں کی تخلیق اور بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کا سنگ بنیاد ہے،مناسب منصوبہ بندی، سرمایہ کاری اور پالیسی سازی کی جائے تو یہ شعبہ ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کے لیے سڑکوں، پلوں، سکولوں، ہسپتالوں اور رہائشی منصوبوں کی تعمیر انتہائی ضروری ہے جو نہ صرف بنیادی ضرورت ہیں بلکہ ان سے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں مدد ملتی ہے۔
سیف الرحمان نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرتے ہیں بلکہ سیمنٹ، اسٹیل، انجینئرنگ اور دیگر لا تعداد صنعتوں وخدمات کو بھی فروغ دیتے ہیں۔