تل کی فصل کی کچی کٹائی کرنے سےگریز کریں ، محکمہ زراعت

260
Sesame crop
Sesame crop

فیصل آباد۔ 12 اگست (اے پی پی):ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمود نے کہاکہکاشتکار تل کی فصل کی کچی اور جب تک فصل پیلاہٹ زدہ نہیں ہو جاتی اس وقت تک کٹائی ہرگز نہ کریں جبکہ تل کی کٹائی دن گن کر نہیں بلکہ فصل کے پک جانے پر کریں کیونکہ اگر فصل کی کچی کٹائی کریں گے تو فصل برباد ہو جائے گی،کچی کٹائی سے تل کی پیداوار میں 50 فیصد سے بھی زائد کمی ہو سکتی ہے اور اگلی فصل کیلئے پچھلی تیار فصل کا نقصان نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ کچی کٹائی سے تل مر جاتا ہے اور دانہ لال ہو جاتا ہے جس کو کوئی بھی امپورٹر خرید نہیں کرے گا جس سے ہمارا اور ہمارے ملک کا بھی نقصان ہے۔کچی کٹائی سے ہمارا گاہک ہم سے خرید نہیں کرے گا اور ریٹ بھی مارکیٹ سے بہت کم ملے گا۔کچی کٹائی سے تل کی کوالٹی انتہائی ناقص ہو جاتی ہے اور یہ کسی بھی کام کا نہیں رہتا اگر ہمیں اپنی پیداوار اور کوالٹی بچانی ہے تو تل کی کٹائی اس کے پک جانے پر کریں۔

انہوں نے کہا کہ تل کے پک جانے کی شناخت یہ ہے کہ جب تک تل کی پھلیاں پتے اور تنے کا رنگ گہرے سبز سے پیلا نہیں ہو جاتا تب تک تل کی کٹائی ہرگز نہ کریں چاہے تل کی فصل 120 دن کی ہی کیوں نہ ہو جائے۔ جب کٹائی کر لیا تو اس کی چھوٹی چھوٹی گٹھیاں بنا کر پھلیوں کا رخ آسمان کی طرف کر کے اونچی جگہ پر پڑ بنا لیں اور اچھی طرح خشک ہونے پر گہائی کر لیں۔