تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گی ، شیخ رشید احمد

54

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گی، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جسطرح حکومت مخالف تحریک ناکام ہوئی اسی طرح ان لوگوں کو وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد تحریک میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا، اپوزیشن این آر او کے حصول کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے لیکن وزیراعظم عمران خان کسی صورت میں ان لوگوں کے سامنے سرنڈر نہیں کریں گے، اپوزیشن کو بالاآخر مذاکرات کی میز پر آنا ہی ہو گا۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ براڈشیٹ سکینڈل پانامہ ٹو بننے جا رہا ہے، تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں، جوں جوں کیس آگے بڑھے گا، پانامہ کی طرح براڈشیٹ میں بھی مزید کیسز نکلیں گے، تحقیقاتی کمیٹی میں کوئی وزیر شامل نہیں اس میں ماہرین شامل ہیں اور 45 دن میں حقائق سامنے آئیں گے، فائدہ دینے اور لینے والوں کو پھکی ملے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہیں، اب بھی یہ لوگ عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں، اپوزیشن کو مسائل کے حل کیلئے حکومت کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج سمیت دیگر قومی سلامتی کے اداروں نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، بدقسمتی سے ملک میں فوج کے خلاف بات کرنا فیشن بن گیا ہے، بھارت چاہتا ہے کہ پاکستان کی فوج کمزور ہو اور نواز شریف ملک دشمن کے بیانیے کو لیکر چل رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ڈی ایم استعفوں کا واویلا کر رہی تھی، کہاں ہیں استعفے، اب یہ لوگ سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، بلاول بھٹو سندھ میں جیت کا جشن منا رہے ہیں، یہ لوگ اب مزید عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، پیپلزپارٹی کے لوگ سمجھدار ہیں، انہیں پتا ہے کہ اگر وہ سندھ حکومت چھوڑیں گے تو ان کا حال بھی کٹی ہوئی پتنگ کی طرح ہو گا۔