اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے کہا ہے کہ تمام ادارے ٹیکس اوورلیپنگ کے حوالے سے باہمی کوآرڈینیشن یقینی بنائیں، کسی بھی پروفیشنل سے دوہرا ٹیکس نہیں لیا جائے گا،ٹیکس کی اوورلیپنگ ختم ہونے سے شہریوں پر بوجھ میں کمی آئے گی۔پروفیشنل ٹیکس کے حوالے سے ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ڈائریکٹر ایکسائز، ڈائریکٹر ڈی ایم اے نے شرکت کی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ڈپٹی ڈاریکٹر آپریشنز بھی شریک ہوئیں۔ اس موقع پر پروفیشنل ٹیکس کی وصولی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی اور ڈی ایم اے، ایکسائز اور فوڈ اتھارٹی کی ٹیکس کی وصولیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دورا ن شہریوں کے لئے ٹیکس کی اوورلیپنگ کے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے ٹیکس اوورلیپنگ کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے ٹیکس اوورلیپنگ کے حوالے سے باہمی کوآرڈینیشن یقینی بنائیں، کسی بھی پروفیشنل سے دوہرا ٹیکس نہیں لیا جائے گا،ٹیکس کی اوورلیپنگ ختم ہونے سے شہریوں پر بوجھ میں کمی آئے گی۔
عرفان نواز میمن نے کہا کہ کس ڈیپارٹمنٹ نے کون سے ٹیکس کی وصولی کرنی ہے اس بارے میں پالیسی واضع کر رہے ہیں۔ ڈی سی اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں کے لیے ٹیکس یا جرمانوں کی ادائیگی کو بھی آسان بنایا جائے۔