کوئٹہ۔ 05 جون (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ادارے اور قوانین عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بنتے ہیں لہٰذا آپ بھی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر دیانتداری سے اپنے فرائض انجام دیں،سرکاری آفیسرز کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر اپنی پیشہ روانہ صلاحیتیں بروئے کار لاکر عوام کو درپیش مسائل ومشکلات حل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنر ہائوس کوئٹہ میں بلوچستان سول سروس اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر بلوچستان نے زیر تربیت آفیسر ز کو اپنی پیشہ ورانہ ٹریننگ کی تکمیل اور اپنا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری آفیسر بنیادی طور پر حاکم ہونے کی بجائے عوام کے خادم ہوتے ہیں، اپنے اختیارات اور فرائض کو مفاد خلق کیلئے بروئے کار لا کر کافی بہتری لائی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ مشاہدہ میں آیا ہے کہ خوداحتسابی اور اپنے ضمیر کی آواز پر لبیک کہنے سے بھی معاشرے سے سفارش اور اقرباپروری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے،
آپ آفیسرز کا انسانی اور قومی فریضہ ہے کہ ہر قسم کے ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے آئینی سربراہ کی حیثیت سے میں تمام اعلیٰ آفیسرز کی گرانقدر خدمات اور جذبہ خدمت خلق کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے شرکا اور منتظمین میں اسناد اور یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔