قصور. 04 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عمران علی نے تحصیل پتوکی، چونیاں اور کوٹر رادھاکشن کا دورہ کیا۔ سکیورٹی، صفائی ستھرائی ، طبی سہولیات سمیت دیگر انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرزپتوکی، چونیاں اور کوٹ رادھاکشن و دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔
امام بارگاہ کے متولیوں اور منتظمین سے درپیش مسائل بارے تفصیلی دریافت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ تمام امام بارگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور عزاداران حسین علیہ اسلام کیلئے ہر قسم کی آسانی پیدا کی جائے تاکہ وہ جلوسوں میں انکو کسی دشواری کا سامنا نا کرنا پڑے ۔
انہوں نے کہا کہ عزاداران کیلئے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کو بھی دور کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر عمران علی نے مزید کہاکہ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامات کووزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق معیاری اور قابل تعریف بنایا جارہاہے ۔ امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر صفائی، بجلی، پانی اور دیگر ضروری سہولیات کا بندوبست کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تحصیلوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی تحصیلوں میں اسی طرز پے تمام انتظامات کی نگرانی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔انتظامیہ کی طرف سے منتظمین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی تاکہ عاشورہ کے جلوس اور مجالس بغیر کسی رکاوٹ کے منعقد ہو سکیں۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر عمران علی نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کا بھی دورہ کیا جہاں پر ڈاکٹر زو پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری ، میڈیسن کی دستیابی و ریکارڈ، مریضوں کو دی جانیوالی طبی سہولیات اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی کے دورہ کے دوران ڈی سی نے ہسپتال سے ملحقہ زیرتعمیر ٹراما سنٹر کی نئی بلڈنگ کا بھی جائزہ لیا۔ ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال پتوکی نے ڈپٹی کمشنر کو زیرتعمیر بلڈنگ سے متعلق بریفنگ دی۔