تمام تر توجہ جنوبی افریقاکے خلاف فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ پر مرکوز ہے ، کھلاڑی سیریز اپنے نام کرنے کے لئےپرعزم ہیں، ذوفشاں ایاز

پاکستان ویمنز انڈر19 ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹر ذوفشاں ایاز نے کہا ہے کہ ٹیم کی تمام تر توجہ اب جنوبی افریقا کے خلاف جمعہ کو کھیلے جانے والے فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ پر مرکوزہے اور کھلاڑی سیریز اپنے نام کرنے کے لئے پرعزم ہیں

لاہور۔23جولائی (اے پی پی):پاکستان ویمنز انڈر19 ٹیم کی مڈل آرڈر بیٹر ذوفشاں ایاز نے کہا ہے کہ ٹیم کی تمام تر توجہ اب جنوبی افریقا کے خلاف جمعہ کو کھیلے جانے والے فیصلہ کن ٹی ٹونٹی میچ پر مرکوزہے اور کھلاڑی سیریز اپنے نام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ذوفشاں ایاز نے کہا کہ چوتھے ٹی ٹونٹی میچ میں فتح کے دوران ٹیم کو یقین تھا کہ اگر وہ آخر تک وکٹ پر موجود رہیں گی تو کامیابی پاکستان کا مقدر بنے گی۔انہوں نے کہا کہ چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلانا ان کے لیے ناقابل یقین احساس تھا۔

ذوفشاں ایاز نے چوتھے میچ میں29 گیندوں پر43 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی،جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ فیصلہ کن میچ میں کامیابی حاصل کرنا ٹیم کی اولین ترجیح ہے،تاہم انکا اصل ہدف انڈر19 ایشیا کپ اور انڈر19 ویمنز ورلڈ کپ کے لیے بہترین تیاری کرنا ہے۔پاکستان اور جنوبی افریقاویمنز انڈر19 ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز اس وقت2-2 سے برابر ہے،جبکہ سیریز کا فیصلہ کن اور آخری میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا۔