تمام تر توجہ دوسرا ٹیسٹ جیتنے پر مرکوز ہے،شاہین شاہ آفریدی کو آرام کا موقع دیا گیا ہے ، جیسن گلیسپی

150
تمام تر توجہ دوسرا ٹیسٹ جیتنے پر مرکوز ہے،شاہین شاہ آفریدی کو آرام کا موقع دیا گیا ہے ، جیسن گلیسپی
تمام تر توجہ دوسرا ٹیسٹ جیتنے پر مرکوز ہے،شاہین شاہ آفریدی کو آرام کا موقع دیا گیا ہے ، جیسن گلیسپی

راولپنڈی۔29اگست (اے پی پی):پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ تمام تر توجہ دوسرا ٹیسٹ جیتنے پر مرکوز ہے ، پہلے ٹیسٹ میں شکست سے مایوسی ہوئی ، اننگز ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ مثبت سوچ کے ساتھ کیا تھا، بنگلہ دیش نے اچھی بیٹنگ کی ، شاہین شاہ آفریدی کو آرام کا موقع دیا گیا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز پریس کانفرنس کے دوران کیا ،

انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے 12 رکنی ٹیم کا اعلان کیا اور کہا کہ راولپنڈی کی کنڈیشنر کو مدنظر رکھتے ہوئے لیگ اسپنر ابرار احمد کو 12 رکنی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ، پلیئنگ الیون کا فیصلہ میچ سے قبل پچ کی کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ خراب موسم کے باوجود دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی ہے اور ایسی ٹیم میدان میں اتاریں گے جو حریف ٹیم کی 20 وکٹیں حاصل کر سکے ، انہوں نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں جو ہوا اس کو تبدیل نہیں کر سکتے ، دوسرا ٹیسٹ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے، انہوں نے کہا کہ شان مسعود بہت مثبت کپتان ہیں،

پہلے ٹیسٹ میں ڈیکلریشن بھی مثبت سوچ کے ساتھ کی تھی لیکن بنگلہ دیشی بیٹرز بہترین بیٹنگ کی ، انہوں نے کہا کہ پہلی اننگز میں 3 وکٹیں جلدی گر جانے کے بعد ہمارے بیٹرز نے اچھا کم بیک کیا ، بائولنگ اور فیلڈنگ بھی بہتر رہی ، دوسری اننگز میں بیٹنگ کی ناکامی کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ، انہوں نے کہا کہ شکست سے مایوس تو ضرور ہیں تاہم پاکستانی ٹیم سیریز میں کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے

، انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی بہت باصلاحیت اور تجربہ کار ہیں ، میچ جیتنے کے لیے ہر کھلاڑی کو زمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا، جیسن گلیسپی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کو بیٹے کی ولادت کی وجہ سے آرام کا موقع دیا گیا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزاریں، انہوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی صف اول کے بائولر ہیں اور تینوں فارمیٹس کی کرکٹ کھیل رہے ہیں، ان کے ساتھ کوچ اظہر محمود کام کر رہے ہیں

، انہوں نے کہا کہ آل راؤنڈر عامر جمال فٹنس ٹیسٹ کلیئر نہیں کر پائے اس لیے انہیں ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ، ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ پہلے ٹیسٹ میچ میں ہمارا اوور ریٹ اچھا نہیں تھا، ایسا کبھی نہیں کہا کہ پاکستان کو آسٹریلیا کی طرح کھیلنا ہے، پاکستانی کھلاڑی اپنے وطن کی نمائندگی کے لئے پرجوش ہیں جو میرے لیے بہت اہم بات ہے، ان کا کہنا تھا کہ تمام تر توجہ دوسرے ٹیسٹ پر مرکوز ہے

، کھلاڑی غلطیوں سے سبق سیکھ کر میدان میں اتریں گے اور میچ جیتنے کی کوشش کریں گے ، اعلان کردہ ٹیم میں شان مسعود (کپتان) ، سعود شکیل (نائب کپتان) ، سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، ابرار احمد، محمد علی ، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور خرم شہزاد شامل ہیں، واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ (کل) بروز جمعہ سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گا ، بنگلہ دیش کو سیریز میں 0-1 کی سبقت حاصل ہے۔