تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے، ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے فائدہ اٹھائیں ، محسن نقوی

15
Federal Interior Minister
Federal Interior Minister

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے، تمام ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کریں، تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے افسران کو نامزد کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنی زیر صدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون کو بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے، تمام ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کریں۔ محسن نقوی نے کہا کہ انفارمیشن اور ڈیٹا کا بروقت تبادلہ انتہائی اہم ہے، مختلف اداروں کے بیرون ملک سفارت خانوں میں تعینات افسران وزارت کے دیگر اداروں کو بھی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ تمام اداروں کی افرادی قوت سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔ باہمی کوآرڈینیشن بہتر ہونے سے عوام کے ساتھ حکومت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے افسران کو نامزد کیا جائے تاکہ متعلقہ افسران کی استعداد کار میں اضافہ ہو۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے تمام اداروں کو اس سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کردی-اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی سیکرٹری داخلہ سفارشات کے تناظر میں جامع پلان مرتب کریں گے۔

اجلاس میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، نادرا، اینٹی نارکوٹکس کنٹرول، ایف آئی اے، فرنٹیئر کور، فرنٹیئر کانسٹیبلری، رینجرز، نیشنل پولیس اکیڈمی، نیشنل پولیس بیورو، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی اور اسلام آباد پولیس کے سربراہان ں نے اجلاس میں شرکت کی۔