تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یکساں مواقع فراہم کرنا نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کی خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل سے گفتگو

73
وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یکساں مواقع اور الیکشن کمیشن کو انتخابی مشق کے انعقاد میں مدد فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اپنے مینڈیٹ کے مطابق تمام صوبوں کے ساتھ بہتر ورکنگ ماحول کے لئے ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے،

وزارت اطلاعات و نشریات خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلقات عامہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں آئندہ انتخابات، وفاقی و صوبائی محکموں کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون، صحافیوں کی فلاح و بہبود سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا کے انفارمیشن افسران کو انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں تربیت کی فراہمی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملازمین و افسران کو جدید میڈیا کے استعمال اور چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیتوں کے بارے میں تربیت کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات کا دائرہ کار جدید دور میں وسیع ہو چکا ہے، مقابلے کے اس دور میں ہمیں جدید انفارمیشن سسٹم پر مکمل دسترس حاصل کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلقات عامہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ اپنے مینڈیٹ کے مطابق تمام صوبوں کے ساتھ بہتر ورکنگ ماحول کے لئے ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یکساں مواقع فراہم کرے، الیکشن کمیشن کو انتخابی مشق کے انعقاد میں مدد فراہم کرنا بھی ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔

نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے جرنلسٹ ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ رولز اہمیت کے حامل ہیں، صحافی مشکل حالات میں فرائض انجام دیتے ہیں، ان کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگراں صوبائی وزیر اطلاعات فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی نگراں حکومت انتخابات کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، خوشگوار اور پرامن ماحول میں انتخابات کا انعقاد ممکن بنائیں گے۔ فیروز جمال شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔