تمام سرکاری اور پرائیویٹ نادہندگان سے واجبات /بقایاجات اور رننگ بلوں کی وصولیاں کی جائیں،میپکو

131
MAPCO
MAPCO

ملتان ۔ 25 فروری (اے پی پی):سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکوملتان سرکل امجدنواز بھٹی نے کہا ہے کہ تمام سرکاری اور پرائیویٹ نادہندگان سے واجبات /بقایاجات اور رننگ بلوں کی وصولیاں کی جائیں، نادہندہ سرکاری اداروں کے سربراہان سے رابطہ کیاجائے اور رواں ماہ کے اختتام تک بلوں کی ادائیگیاں کروائی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میپکو سرکل کمپلیکس میں ایگزیکٹو انجینئرز اور ریونیوآفیسرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں فروری 2024ء کے ماہانہ اور پروگریسو ریکوری کے ٹارگٹس حاصل نہ کرنے والے ایس ڈی اوز اور ریکوری سٹاف کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ امجدنواز بھٹی نے مزیدکہا کہ تمام ایس ڈی اوز گھریلو، کمرشل، ٹیوب ویل اور صنعتی صارفین کے خلاف ریکوری آپریشن کریں اور بیج وائز فہرستوں پر ریکوری کی جائے۔ نادہندگان کے کنکشنز بغیر کسی رعایت کے منقطع کئے جائیں۔ نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارفین کے ٹرانسفارمرز اُتارے جائیں اور واجبات /بقایاجات کی ادائیگی تک کنکشنز بحال نہ کئے جائیں۔