فیصل آباد۔ 31 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر فیصل آبادڈویژن سلوت سعیدنے ہدائت کی ہے کہ ڈویژن بھر کے تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے دفاتر میں خصوصی صفائی ستھرائی و ڈینگی مچھر کے خاتمہ کیلئے انسدادی و حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں اور اس سلسلہ میں کسی غفلت، لاپر واہی یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیا جائے کیونکہ موسم کی تبدیلی سمیت 15نومبر تک کا موسم ڈینگی مچھر کے پھیلاؤ کیلئے ساز گار ہے اسلئے ان ایام میں بالخصوص جبکہ باقی ایام میں بالعموم خصوصی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ کمشنر فیصل آبادسلوت سعید کی ہدایات کی روشنی میں اینٹی ڈینگی کمپین کے حوالے سے مختلف پروگرامز ترتیب د ینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کا مقصد عوامی شعور و آگاہی کو یقینی بنانا ہے۔اسی طرح عوام الناس میں شدید احساس پیدا کرنے کیلئے مختلف تعلیمی اداروں کی طرف سے ” ڈینگی سے ڈرنا نہیں اس کو بھگانا ہے” کے موضوع پر تقریری مقابلے منعقد ہوں گے اور مختلف محکموں کی جانب سے آگہی سیمینارز اور واکس کا بھی اہتمام کیا جائے گا جبکہ شہر وں کے اہم مقامات پر انسداد ڈینگی کے سلسلے میں بینرز بھی آویزاں کئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایاکہ تمام سرکاری محکموں کے افسران سے کہا گیاہے کہ وہ ڈینگی سے بچنے کیلئے انسدادی اقدامات کو کامیاب بنائیں اور اس سلسلے میں دفاتر سے نکل کر متحرک رہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ موسم میں مچھر کے خطرات موجود ہیں لہٰذا لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بارے میں بھرپور احساس دلانے کے ساتھ ساتھ پسماندہ آبادیوں،دیہی علاقوں اور دیگر ضروری مقامات سے ڈینگی مچھر کو تلف کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جگہ ڈینگی کا مریض رپورٹ ہونے کی صورت میں اس علاقہ کی خصوصی کیمیکل ٹریٹمنٹ کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔