اسلام آباد۔8نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو لکھے گئے خط میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں اور رہنمائوں کو الیکشن لڑنے کا حق حاصل ہے۔
بدھ کو یہاں ایوان صدر سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق صدر مملکت نے اپنے خط میں لکھا کہ پاکستان میں آزادانہ، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات کے لیے اتفاق رائے ہے، تمام سیاسی جماعتوں اور رہنمائوں کو الیکشن میں حصہ لینے اور عوام کو انہیں منتخب کرنے کا حق حاصل ہے۔ صدر نے اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب خان کی جانب سے موصول ہونے والا خط بھی ارسال کیا۔ صدر عارف علوی نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جمہوریت ہی پاکستان کی ریاست اور عوام کے لیے آگے بڑھنے کا مناسب راستہ ہے، لوگوں کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا اور آزاد میڈیا کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کرنا ہی جمہوریت کی روح ہے۔
اپنے خط میں صدر نے کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں نگراں حکومت نے تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کا میدان فراہم کرنے کے لیے ایک غیرجانبدار اکائی کے طور پر کوششیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں نگراں حکومت کی تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے مساوی حقوق اور مواقع فراہم کرنے کی پالیسی پر نگراں وزیراعظم کے حالیہ بیانات باعث اطمینان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 41 کے تحت صدر کا عہدہ، سربراہ مملکت کی حیثیت سے جمہوریہ کے اتحاد کی علامت ہے، آئین کے مطابق تمام اداروں سمیت صدر مملکت اور وزیر اعظم شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کے پابند ہیں۔ صدر مملکت نے لکھا کہ پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 4 واضح طور پر بیان کرتا ہے کہ قانون کے مطابق سلوک کیا جانا ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 17 کے مطابق سیاسی جماعت کی رکنیت یا تنظیم سازی کرنا ہر شہری کا حق ہے۔ صدر نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 19 ہر شہری کو اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ آزاد پریس کا حق دیتا ہے