تمام سیاسی جماعتوں اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں انتخابی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کریں، صدر مملکت ڈاکٹر غارف علوی کا انتخابی اصلاحات کے عمل سے متعلق اجلاس سے خطاب

63

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آئندہ انتخابات کو مزید شفاف ، محفوظ اور غیر جانبدار بنانے کے لیے انتخابی عمل کے تمام مراحل میں اصلاحات لاتے ہوئے ایک جامع طریقہ کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی قومی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں انتخابی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کریں۔ انہوں نے آئی ووٹنگ کے طریقہ کار کے ذریعے انتخابات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کی کوششوں کو تیز کرنے پر بھی زور دیا تاکہ وہ اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کے قابل بن سکیں۔ وہ جمعہ کو ایوان صدر میں انتخابی اصلاحات کے عمل سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر سید شبلی فراز ، وفاقی وزیر ریلوے سینیٹر اعظم خان سواتی ، وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ظہیر الدین بابر اعوان اور سرور باری نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں موجودہ انتخابی قوانین کو بہتر بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے اور اسے مزید جامع بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں اور دیگر متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں اس بات کو بھی اجاگر کیا گیا کہ سیاسی جماعتوں کو خواتین امیدواروں کے انتخاب اور خاص طور پر پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین کی مخصوص نشستوں کو پُر کرنے کے لیے زیادہ جمہوری عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں ایک سے زیادہ حلقوں سے الیکشن لڑنے والے امیدواروں کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے آگاہ کیا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے عملی مظاہرے ان کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور انتخابات میں ان کے استعمال کے بارے میں کسی بھی قسم کے شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لیے دیے جا رہے ہیں۔ صدر مملکت نے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستانی عوام کے بنیادی سیاسی حقوق کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔