30.5 C
Islamabad
جمعرات, مئی 22, 2025
ہومقومی خبریںتمام سیاسی جماعتوں کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہو...

تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہو گا ،خضدار میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں ،جمال خان رئیسانی

- Advertisement -

اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما ، اوررکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ خضدار حملہ صرف بچوں یا بلوچستان پر نہیں بلکہ پاکستان پر حملہ ہے، پاک فوج بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑرہی ہے،عوام کو بھی سمجھنا ہو گا کہ یہ صرف بلوچستان کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی جنگ ہے، محترمہ بے نظیر بھٹو اور میرے والد سراج رئیسانی امن کی بات کرتے تھے انہیں بھی شہید کیا گیا۔ وہ بدھ کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کر رہے تھے۔

نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے خضدار میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف بلوچستان یا ہمارے بچوں پر حملہ نہیں بلکہ پاکستان پر حملہ ہے، ہمیں ایک بات سمجھنا ہو گی کہ جو جنگ بلوچستان میں لڑی جا رہی ہے یہ صرف فوج کی جنگ نہیں ہے بلکہ یہ دہشت گردی پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں معصوم بچوں کی شہادت پر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے لیکن آج بھی ایوان میں ایک قیدی کے پیروکار کہتے ہیں کہ ان دہشت گردوں سے مذاکرات کئے جائیں، بتایا جائے کہ ہم کس سے مذاکرات کریں، کیا ہم ان دہشت گردوں سے مذاکرات کر سکتے ہیں جو ہمارے بچوں کو نہیں چھوڑتے اور ہمیں تعلیم کے حق سے محروم کر رہے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہماری قائد محترمہ بے نظیر بھٹو امن کی بات کرتی تھیں پھر بھی انہیں شہید کیا گیا، میرے والد سراج رئیسانی بھی امن کی بات کرتے تھے انہیں بھی شہید کیا گیا، اس کے بعد بھی اگر ہم یہ بات کریں کہ دہشت گردوں کےساتھ مذاکرا ت ہونے چاہئیں بالکل بے معنی اور فضول ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 میں دہشت گردوں سے مذاکرات کی پالیسی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں آگ لگائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں مذمت سے آگے بڑھتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرنا ہو گی، فوج دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہے لیکن عوام کو بھی سمجھنا ہو گا کہ یہ صرف بلوچستان کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی جنگ ہے، یہ بات ہر وہ ماں کہہ رہی ہے جس نے دہشت گردی میں اپنا لخت جگر کھویا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دشمن کے ساتھ کبھی بھی مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599756

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں