تمام سیوریج افسران نکاسی آب سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں،منیجنگ ڈائریکٹر واسا

79

ملتان۔ 18 فروری (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان نے کہا ہے کہ تمام سیوریج افسران اپنی اپنی حدود میں نکاسی آب سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ رسپانس ٹائم کو مزید بہتر کریں ،موسم کی تبدیلی کے بعد رات کے اوقات میں ڈی سلٹنگ پر مامور ٹیموں کو شیڈول کے مطابق فیلڈ میں متحرک کیا جائے تاکہ سیوریج کمپلینٹس کا ازالہ کرنے کے ساتھ بارشوں کی پیشگی تیاریوں کے پلان پر عملدرآمد کیا جاسکے ۔

انہوں نے یہ احکامات گزشتہ روز نیو ملتان سیوریج سب ڈویژن کا اچانک دورہ کرتے ہوئے جاری کیے۔ ایم ڈی واسا نے تمام سیوریج افسران کو شکایات کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کرنے اور آن لائن کمپلینٹ سنٹر کی طرف سے بھجوائی جانے والی کمپلینٹس کو دور کر کے روزانہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔ دریں اثناء سیوریج لائنوں کی صفائی کیلئے جدید مشینری کے ذریعے آپریشن جاری ہے ،تمام پائپ لائنوں کی بھرپور صفائی کی جارہی ہے

،اس سلسلے میں منگل کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں ٹیموں نے مشینری کے ہمراہ شکایت کا ازالہ کیااور سیوریج سب ڈویژنوں کی جانب سے ایم ڈی واسا کو اپنی اپنی حدود میں ڈی سلٹنگ مہم کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق منیر آباد سٹریٹ نمبر5،زکریا ٹاؤن سٹریٹ نمبر29،رحمان پورہ سمیجہ آباد،Aبلاک شاہ رکن عالم،یوہنہ آباد،شاہ غوث آباد،چاہ کوڑے والاصدیقیہ بلاک سٹریٹ مسجد عثمان غنی والی،مین ابدالی روڈنزد گھنٹہ گھر،محلہ قادر آب نمبر3،پٹھان مارکیٹ،جان محمد کالونی مین سٹریٹ،پیرخادم سٹریٹ لودھی کالونی روڈ،حسن پروانہ روڈ،لوہار کالونی کے علاقوں کے درجنوں مین ہولز کی صفائی کی گئی ۔

ایم ڈی واسا نے تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز سیوریج کو اپنی اپنی حدود میں سیوریج لائنوں کی صفائی مہم میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی ۔