تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے، مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے، وفاقی وزیر مذہبی امور کی کٹاس راج میں بنائے گئے رہائشی بلاکس کے افتتاح پر میڈیا گفتگو

90

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے، مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے، اقلیتیں یہاں پاکستان بننے سے پہلے سے آباد ہیں، نہ صرف ہندوئوں بلکہ دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کی تزئین و ارائش کیلئے کام کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک نے کٹاس راج مندر میں بنائے گئے رہائشی بلاکس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے چکوال میں کٹاس راج مندر میں ہندو یاتریوں کے رہائشی بلاک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات اٹھائیں گے ، تمام مذاہب کے مذہبی مقامات کی حفاظت ہمارا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتیں یہاں پاکستان بننے سے پہلے سے آباد ہیں، نہ صرف ہندوئوں بلکہ دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کی تزئین و آرائش کیلئے کام کریں گے، بین الاقوامی فورم پر انڈیا میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں ہمارے اپنے لوگ ہیں، ہم دنیا کو اقلیتی برادری کے حوالے سے اچھا پیغام دیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں حج اخراجات بنگلہ دیش، انڈیا اور دیگر ممالک سے کم وصول کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حج پیکج کو مہنگا نہیں ہونے دیا، کٹاس راج چکوال میں دو بڑے کارخانوں کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، فیکٹری مالکان کو پابند بنائیں گے کہ وہ سڑکوں کی مرمت کریں۔ چوہدری سالک حسین نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ زیادہ سے زیادہ یاتریوں کو ویزے مل سکیں، وزارت خارجہ سے بھی کہیں گے کہ ویزہ جاری کرنے میں رکاوٹ دور کریں ۔