تمام مسالک و مذاہب کے ماننے والے مقدسات کا احترام کرتے ہیں ، طاہر محمود اشرفی

61
تمام مسالک و مذاہب کے ماننے والے مقدسات کا احترام کرتے ہیں ، طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ تمام مسالک و مذاہب کے ماننے والے مقدسات کا احترام کرتے ہیں، توہین ناموس رسالت ؐ و توہین مذہب کے قوانین کا غلط استعمال نہیں ہو رہا، 30 مئی کو لاہور میں متحدہ علماء بورڈ کے تعاون سے تمام مسالک و مذاہب کے قائدین اور نمائندوں کا اجلاس بلایا ہے، نوجوان نسل کو جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے،

پاکستان اور اسلام دشمن قوتیں سوشل میڈیا کو پاکستان میں فسادات پھیلانے کیلئے استعمال کرتی ہیں، سوشل میڈیا پر پابندی کے حامی نہیں لیکن ضابطہ اخلاق ضرور ہونا چاہئے، مساجد میں سرکاری خطبوں کی کوئی سوچ نہیں ہے، ناکام سیاسی عناصر حکومت کے خلاف مذہب کو استعمال کرنا چاہتے ہیں ۔

مران خان فلسطین، ناموس رسالتؐ، اسلامو فوبیا کے معاملے پر امت مسلمہ کے ترجمان ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کی عظیم قوت ہے،

آج پاکستان کے عالم اسلام، عالم عرب سے گذشتہ دس سالوں سے بہتر تعلقات ہیں، فلسطین کے مسئلہ پر پاکستان کے مؤقف کی پورے عالم اسلام میں تحسین ہو رہی ہے۔ عمران خان ناموس رسالتؐ اور اسلامو فوبیا کے معاملہ پر امت مسلمہ کی ترجمانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدارس و مساجد کا تحفظ کیا ہے، نئے مدارس کے بورڈ مدارس کے منتظمین کے مطالبہ پر بنائے گئے ہیں۔ نئے بورڈز کے ذمہ داران تو کبھی اقتدار کا حصہ نہیں رہے، پرانے بورڈز والے تو 1980ء سے مختلف حکومتوں کا حصہ رہے ہیں اور آج تک سرکاری مناصب پر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ ایکٹ کے حوالہ سے وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، علماء و مشائخ کی رہنمائی میں ان شاء اللہ تمام امور مشاورت سے طے ہوں گے۔