اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کو ہدایت کی ہے کہ تمام وزارتوں میں کاروبار سے متعلق عوامل کو آسان ترین بنانے اور غیر ضروری اجازت ناموں اور ضابطوں کو ختم کرنے پر کام تیز کیا جائے اور اس بارے میں ہفتہ وار رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت بدھ کو سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے لیے کاروبار میں آسانیاں پیدا کیے جانے کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی و دیگر سینئر افسران شریک تھے۔ وزیراعظم کو چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے ایس ایم ایز کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے اب تک اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار شروع کرنے اور اس حوالے سے ضروری اجازت نامہ و ریجسٹریشن کے عمل کو کمپیوٹرائزڈ اور خودکار بنانے پر کام جاری ہے تاکہ جہاں طریقہ کار کو آسان بنایا جا سکے وہاں شفافیت کو یقینی اور سرخ فیتے کا خاتمہ کیا جا سکے۔