اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر پہلے ہی پاکستانی سفارتخانہ زائرین کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے، تقریبا 300 زائرین شام میں پھنسے ہوئے ہیں، تمام پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، پاکستانی سفارتخانہ اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن( پی آئی اے) حکام بھی مکمل رابطے میں ہیں۔
شام میں فضائی آپریشن معطل ہونے کے بعد پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے اتورا کو اپنے بیان میں کہا کہ (کل ) پیر 13 جون 2022 کو 160 افراد پی آئی اے کے ذریعے الیپو ایئرپورٹ (دمشق سے تقریباً 150 کلومیٹردور) سے پاکستان جانے کے لئے تیار ہیں۔ پاکستانی سفارت خانہ نے دمشق سے الیپو تک مسافروں کی نقل و حمل کا بندوبست کیا ہے جبکہ باقی ماندہ 140 زائرین خود عراق جائیں گے۔