تنخواہوں اورپنشن کے موجودہ ماڈل کو یکساں ومنصفانہ بنانے کیلئے بے ضابطگیوں کودورکرنا ضروری ہے، حماداظہر

73
تنخواہوں اورپنشن کے موجودہ ماڈل کو یکساں ومنصفانہ بنانے کیلئے بے ضابطگیوں کودورکرنا ضروری ہے، حماداظہر
تنخواہوں اورپنشن کے موجودہ ماڈل کو یکساں ومنصفانہ بنانے کیلئے بے ضابطگیوں کودورکرنا ضروری ہے، حماداظہر

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ، محصولات وصنعت وپیداوارمحمدحماداظہرنے کہاہے کہ تنخواہوں اورپنشن کی تقسیم کاموجودہ ماڈل پائیدارنہیں ہے اورتنخواہوں، پنشن، الاونسز ومراعات کو منصفانہ بنانے کیلئے بے ضابطگیوں کودورکرنا ضروری ہے، وفاقی اورصوبائی ملازمین کوکمیشن کی سفارشات سے بڑی امیدیں وابستہ ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کویہاں پے اینڈپنشن کمیشن کی چئیرپرسن نرگس سیٹھی سے ملاقات میں کہی۔اس موقع پرسیکرٹری خزانہ بھی موجودتھے۔

پے اینڈپنشن کمیشن کی چئیرپرسن نرگس سیٹھی نے وفاقی وزیرکوتنخواہوں اورپنشن کی موجودہ ساخت کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے کمیشن کے مینڈیٹ کے مطابق طریقہ ہائے کارکے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے وزیرخزانہ کو بتایا کہ تنخواہوں اورپنش کی ادائیگی کیلئے مالیاتی طورپرموزوں حل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ تنخواہوں اورپنشن کاموجودہ نظام ملکی معیشت پرایک بڑابوجھ ہے۔وزیرخزانہ نے یہ بات زوردے کرکہی کہ تنخواہوں اورپنشن کی تقسیم کاموجودہ ماڈل پائیدارنہیں ہے اورتنخواہوں، پنشن، الاونسز ومراعات کو معقول بنانے کیلئے بے ضابطگیوں کودورکرنا ضروری ہے تاکہ اس نظام کومنصفانہ بنایا جاسکے۔انہوں نے اس ضمن میں شفاف، قابل عمل اورپائیداربنیادوں پرچلنے والے ماڈل کی ضرورت پرزوردیا۔

انہوں نے پے اینڈکمیشن کومکمل تعاون کایقین دلایا۔ نرگس سیٹھی نے وزیرخزانہ کوبتایا کہ ملک بھرمیں تنخواہوں اورپنشن کے نظام کو یکساں بنانے کیلئے ذیلی کمیٹیوں کوٹرمز آف ریفرنس کے ساتھ کام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، یہ کمیٹیاں اس ضمن میں مختلف تجاویز اورسفارشات کاجائزہ لے رہی ہے۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ پے اینڈپنشن کمیشن کے سامنے ایک مشکل ہدف ہے کیونکہ وفاقی اورصوبائی ملازمین کوکمیشن کی سفارشات سے بڑی امیدیں وابستہ ہے۔