اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):تنظیم برائے تحفظ حقوق اطفال (سپارک)کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے ساتھ ایک بریفنگ سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں سپارک اور دیگر غیر سرکاری تنظیموں نے وزیر خزانہ کو لکھے گئے اپنے خط کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کیا۔ سپارک کے پروگرام منیجر ڈاکٹر خلیل احمد نے کہا کہ خط میں وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ آنے والے وفاقی بجٹ میں تمباکو ٹیکس مزید بڑھایا جائے جبکہ سگریٹ پر ٹیکس میں اضافے کو موثر طریقے سے نافذ کیا جائے تاکہ اس کے استعمال کو روکا جاسکے۔
علاوہ ازیں ٹیکس میں اضافے کے ساتھ ساتھ عوامی آگاہی مہم ، دھواں سے پاک پالیسیوں اور سگریٹ چھوڑنے کے پروگرامز کی حمایت شامل ہونی چاہیے۔ ملک عمران احمد، کنٹری ہیڈ کیمپین فار ٹبیکو-فری کڈز (سی ٹی ایف کے ) نے کہا کہ بین الاقوامی صحت کی تنظیموں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور ورلڈ بینک کی تجویز کے مطابق تمباکو ٹیکس میں اضافہ اس کے استعمال میں کمی لانے کیلئے ایک موثر اقدام ہوسکتا ہے جبکہ صحت کےلئے اضافی ریونیو بھی حاصل ہوگا۔