راولپنڈی ۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ12 ربیع الاول کو حسب سابق سرکاری طور پر 50ویں سیرتﷺ کانفرس کا انعقاد کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گاجبکہ تنظیم تعاون اسلامی کے تحت امسال بین الاقوامی سطح پر 1500 سالہ جشن ولادت رسول ﷺمنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی پریس کلب میں محکمہ اوقاف مذہبی امور کے تحت زونل رحمت العالمین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کی یہ ذمہ داری ہےکہ وہ اسلام اور نبی آخر الزمان ﷺکا پیغام پوری دنیا تک پہنچائے کیونکہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کی وجہ سے یہ امت ، امت خاص ہے انہوں نے کہا کہ چاروں صوبوں کے مذہی امور کے سیکرٹریز سے کہا ہے کہ اس عشرہ میں 12 ربیع الاول تک صوبائی ، ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر محافل میلاد کا انعقاد ہو نا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلباء اور کالجز یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات سمیت تمام نوجوانوں تک سیرت النبی ﷺاور اسلام کا پیغام پہنچایا جائےتاکہ وہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزار سکیں ۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دینی مدارس کے طلباء کو بھی وزیر اعظم کے یوتھ پروگرام میں شامل کیا جائے تانکہ انہیں دینی تعلیم کے ساتھ ٹیکنیکل تربیت دے کر دیگر مہارتوں سے مستفید ہونےکے مواقع فراہم ہو سکیں۔